Ad 1

Muhabbat khwab ki khushboo (Ali Zaryoun)

 

Muhabbat khwab ki khushboo (Ali Zaryoun)


محبت خواب کی خوشبو
محبت میں ، محبت تم
محبت ہم کا ہے جادو

محبت آگ سا پانی
محبت زخم کا مرہم
محبت اک دئیے کا دل
محبت ہجر کا موسم
محبت پیاس بن جائے تو صحرا رونے لگتا ہے
محبت “ کُن” اگر کہہ دے تو سب کچھ ہونے لگتا ہے

(محبت تُو گواہی دے !
مِری آنکھیں تجھے نزدیک پا کر بھی نہیں بہکیں
مِرے ہاتھوں نے تیرے ہر بھروسے کی حفاظت کی
محبت ! اپنے ماتھے پر مِرے بوسے کی عزت کی قسم کھا کر گواہی دے
کہ تجھ کو دیکھنے والوں میں کوئی بھی علی جیسا نہ آیا تھا)

نجس ہیں جو یہ کہتے ہیں محبت کچھ نہیں ہوتی
محبت کے تو آگے یار جنت کچھ نہیں ہوتی 
محبت باطنی خوشبو 
محبت میں؟ نہیں بس تُو
محبت “ مِیم” سے آمین سن کر “ عین” ہوتی ہے
تو پھر خاکِ شفا بن کر دلوں کا چین ہوتی ہے

محبت حیدری سنگت
محبت دائمی حیرت
محبت رام کی مالا
محبت ُنور کا ہالہ

محبت اُس کی پیشانی
محبت اُس کا غصہ ہے
محبت اُس کی گالی ہے
محبت اُس کے ہاتھوں سے بنی چائے کی پیالی ہے
( مقصّرجس سے جلتے ہیں محبت ایسی غالی ہے )

محبت اک بہت معصوم لڑکی کی کوئی پینٹنگ
وہی پینٹنگ
کہ جس میں اشک آنکھوں سے گرے تو خون بن جائے
(دئیے کی لَو میں سجدہ ہو علی زریون بن جائے  )

Post a Comment

0 Comments