Hai Koe Jo Lehja e Akbar Mein Dy Azan
ہے کوئی جو کہ لہجہ ء اکبر میں دے ازاں
کوشش بھی ہو تو ریزہ ء کربل نہ ہو بیاں
ذکرِ غمِ حسین کہاں اور ہم کہاں
خاموش ہو گئی ہے زمیں گنگ ہے زماں
درکار ہے کلیجہ ء جبریل علقمہ!
گرتے ہیں ایک تجھ میں کئی نیل علقمہ
آؤ مسافرانِ عزا دیکھتے چلو
امت نے کیا دیا ہے صلہ دیکھتے چلو
گریہ کناں زمینِ بلا دیکھتے چلو
کیسے سرِ امام کٹا ! دیکھتے چلو
یہ جو مرے حسین کے ہونٹوں کی پیاس ہے
رو لو کہ آج قلبِ محمد اداس ہے !!
اے وارثِ امامت و تطہیر ! میں فدا
مجھ بے نوا کے صاحبِ تقدیر میں فدا
قدموں میں گر کے کہتا ہے دلگیر میں فدا
مولا میں چوم لوں تری زنجیر میں فدا
دیکھو ہے کون کس کے گلے میں یہ طوق ہے
تم پوچھتے ہو کیوں ہمیں رونے کا شوق ہے ؟؟؟
دینِ رسولِ پاک کی نصرت کو آ سکے ؟
ہے کوئی ؟ جو لحاظِ رسالت نبھا سکے ؟
لبیک یا امام کہے تیر کھا سکے ؟
حر کی طرح محبتِ مولا کما سکے ؟
مولا نے سب لٹا کے بھی حجت تمام کی
تب جا کے ذوالفقارِ علی بے نیام کی
میں جانِ مصطفی ہوں یہ سمجھا گیا حسین
میں غیرتِ علی ہوں یہ دکھلا گیا حسین
رن میں مثالِ قہرِ خدا چھا گیا حسین
شمرِ لعین چیخا ! ہٹو! آ گیا حسین !!!
پیاسا تھا تین روز کا لیکن امام تھا
سجدے کریں ملائکہ یہ وہ مقام تھا
لشکر کا فرد فرد عدو تھا حسین کا
خنجر تھا کند اور گلو تھا حسین کا
سجدے میں سر تھا اور لہو تھا حسین کا
کس کا وضو ہو جیسا وضو تھا حسین کا !!
کچھ احترامِ اجرِ رسالت تو کیجیو
پرسہ علی سے پہلے محمد کو دیجیو !!!
اللہم صل علی محمد و علی آل محمد کما صلیت علی اِبراھیم وعلی آل اِبراھیم انک حمید مجید۔اللہم صلی علی محمد و علی آل محمد کما بارکت علی اِبراھیم وعلی آل اِبراھیم اِنک حمید مجید۔
علیہم السلام اجمعین
انا للّٰہ وانا الیہ راجعون!!
0 Comments