. . . . . . . . . . ❤️ سحر ہونے کو ہے ❤️ .......
اک دیا روشن ہمارے بام پر ہونے کو ہے
آنے والا ہے اُجالا اور سحر ہونے کو ہے
درۂ خیبر سے لے کر خطۂ مہران تک
سندھ کے ہر گاؤں سے پنجاب کے میدان تک
وادئ کشمیر سے پیارے بلوچستان تک
اور گوادر سے ہمالہ اور بلتستان تک
اب تلک جو بس مکاں تھا، آج گھر ہونے کو ہے
آنے والا ہے اُجالا اور سحر ہونے کو ہے
چار موسم، پانچ دریا، دشت و صحرا اور چمن
اک طرف نیلا سمندر، اک طرف کوہ و دمن
ان گنت پیر و جواں، لاکھوں کروڑوں مرد و زن
کیسی مایوسی ؟ کہ رحمت کا خزانہ ہے وطن
تیز جو اپنا سفر تھا، تیز تر ہونے کو ہے
آنے والا ہے اُجالا اور سحر ہونے کو ہے
آؤ پاکستان کی خاطرسبھی مِل کر چلیں
جیسے پہلے چل رہے تھے اُس سے اب بہتر چلیں
خود کو پہچانیں، ستاروں سے کہیں ۔۔ اوپر چلیں
سربلندی اپنا گھر ہے، آؤ اپنے گھر چلیں
سبز پرچم اب جہاں میں مُعتبر ہونے کو ہے
آنے والا ہے اُجالا اور سحر ہونے کو ہے
رحمان فارس
0 Comments